عمران سے ڈیل کی تو نو مئی جیسے واقعات نہیں روک سکیں گے،محسن شاہنواز

13 اکتوبر ، 2023

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“میں میزبان حامد میر نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ 12اکتوبر کے دن ہمیں 12 اکتوبر 1999ء کو یاد رکھنا چاہئے جب ملک میں مارشل لاء نافذ کرکے منتخب حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا تھا،ہم نے اس مارشل لاء کے ایک اہم کردار لیفٹیننٹ جنرل (ر) شاہد عزیز کے ساتھ گفتگو کی تھی لیکن آج کل یہ اہم کردار لاپتہ ہوچکا ہے، ان کی کتاب ”یہ خاموشی کہاں تک؟ “ بھی مارکیٹ سے غائب کردی گئی ہے، میں یاد دلانا چاہتا ہوں بارہ اکتوبر 1999ء کے مارشل لاء کی ہماری اعلیٰ عدلیہ نے توثیق کی تھی۔ سینئر رہنما مسلم لیگ ن محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ عمران خان سے ڈیل کی گئی تو نو مئی جیسے واقعات روکے نہیں جاسکیں گے ، ترجمان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ نہ ڈیل کی بات ہوئی نہ وہ کبھی ڈیل کریں گے، ماہر قانون سلمان اکرم راجانے کہا کہ پروسیجر اینڈ پریکٹس ایکٹ کی شق مسترد کرنے سے نواز شریف کا راستہ مسدود ہوگیا،محسن شاہنواز رانجھا نے کہا نواز شریف واپس آکر الیکشن لڑیں گے، عمران خان کے جرائم ایسے ہیں جس کے بعد ان کے باہر جانے کی گنجائش نہیں بنتی، نواز شریف کو دو تین سال ٹی وی پر نشر نہیں کیا جاتا تھا، میرا خیال ہے کہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان جلد ہوجائے گا، عمران خان لوگوں کو اکسارہے تھے اس لیے انہیں میوٹ کیا گیا۔ بیرسٹر گوہر خان نے کہا نو مئی پی ٹی آئی کو نشانہ بنانے کی خواہش رکھنے والوں کا ٹارگٹڈ پلان تھا، تحریک انصاف نو مئی کے واقعات پر کمیشن بنوانے کیلئے سپریم کورٹ تک جاچکی ہے، سولہ سال کے نوجوان کا پشاور میں ملٹری ٹرائل کیا جارہا ہے، ہماری بہنیں اور مائیں اس وقت جیلوں میں بند ہیں، میڈیا پر کسی کا بلیک آؤٹ نہیں ہونا چاہئے۔ماہر قانون سلمان اکرم راجانے کہا نواز شریف اب تاحیات نااہلی ختم کرنے کیلئے اپیل دائر نہیں کرسکیں گے، پروسیجر اینڈ پریکٹس ایکٹ پر سپریم کورٹ کے فیصلے سے پہلے اور بعد میں تحریک انصاف کے موقف میں فرق ہے، عمران خان کسی ایسے معاملہ سے پیچھے نہیں ہٹیں گے جس کا تعلق ملک میں جمہوریت، سیاست اور الیکشن سے ہو، عمران خان الیکشن سے متعلق دوٹوک موقف اپناچکے ہیں اس پر قائم رہیں گے۔