پاکستان کی غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت ، نہتے فلسطینیوں پر بمباری فوری روکنے کا مطالبہ

13 اکتوبر ، 2023

اسلام آباد ( وقائع نگار )پاکستان نے غزہ میں اسرائیل کی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے نہتے فلسطینیوں پر بمباری فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان غزہ میں اسرائیل کی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے جہاں نہتے فلسطینیوں پر زمین تنگ کی جارہی ہے۔ترجمان نے غزہ میں شہری آبادی کے خلاف اسرائیلی حکام کی جانب سے طاقت کے اندھا دھند استعمال کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پاکستان کو اسرائیلی افواج کی طرف سے غیرانسانی ناکہ بندی اور اجتماعی سزائوں کی وجہ سے غزہ میں تیزی سے بگڑتی ہوئی سنگین انسانی صورتحال پر گہری تشویش ہے۔بجلی، ایندھن اور پانی کی سپلائی منقطع کرنے کا فیصلہ غیر منصفانہ ہے اور اسے واپس لیا جانا چاہیے کیونکہ اس سے فلسطینیوں کی زندگیوں پر شدید اثر پڑے گا۔