ڈرامہ سیریل ”بے لگام“ کا آج ”جیوٹی وی“ پر آغاز

13 اکتوبر ، 2023

کراچی (جنگ نیوز) ناظرین کے پسندیدہ چینل ”جیو ٹی وی“ سے شروع ہونے جارہا ہے ایک اور نیا سلسلہ۔ ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ“ کے بینر تلے تخلیق پانی والے نئے ڈرامہ سیریل ”بے لگام“ کا جمعہ کو آغاز ہورہا ہے۔ کہانی ہما حنا نفیس کی تحریر ہے جس میں شہرت کی چکا چوند، حقیقت کو دھندھلا کر رشتوں کے احساس کی بھینٹ چڑھانے والی ہے۔ اسٹار کاسٹ میں شبیر جان، نور الحسن، کاشف محمود، سلیم معراج، لائبہ خان، عباس علی، طوبیٰ ہارون شاہد اور دیگر ساتھی فنکاروں کے ساتھ کرداروں کی حسین منظر کشی کو زاہد محمود کی ہدایات نے مزید دلکش بنا دیا ہے۔ صابر ظفر کے لکھے گئے گیت ”دھوکہ“ کو شانی ارشد نے اپنی آواز کے ہمراہ موسیقی سے ترتیب دے کر ساؤنڈ ٹریک میں کہانی کے ربط کے ساتھ جان ڈال دی ہے۔ پروڈیوسرز عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی شہرت کے اس فریب سے نکال کر حقیقی زندگی سے کیسے کرائیں گے رمشہ کو روشناس؟۔ یہ سب ناظرین نئے ڈرامہ سیریل ”بے لگام“ میں ملاحظہ کریں گے۔ ڈرامہ سیریل ”بے لگام“ روزانہ رات 9 بجے ”جیو ٹی وی“ سے نشر کیا جائے گا۔