تاحیات نااہل یا نہیں،جواب نواز شریف کی واپسی پر ہی ملے گا، تجزیہ کار

13 اکتوبر ، 2023

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان علینہ فاروق کے سوال ترمیم کے بعد نواز شریف اور دیگر تمام لوگ جنہیں تاحیات نااہل کیا گیا وہ اہل ہیں، اعظم نذیر تارڑ، کیا سابق وفاقی وزیر قانون کا بیان درست ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے بینظیر شاہ نے کہا کہ ترمیم کے بعد تاحیات نااہل لوگ اہل ہیں یا نہیں اس کا جواب نواز شریف کے واپس آنے کے بعد ہی ملے گا، دیکھنا ہوگا کہ نواز شریف الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرواتے ہیں تو ریٹرننگ آفیسر کیا فیصلہ کرتے ہیں، ریٹرننگ افسر اگر نواز شریف کو الیکشن لڑنے کی اجازت دیدیتے ہیں تو کیا کوئی اس فیصلے کو ہائیکورٹ یا سپریم کورٹ میں چیلنج کرتا ہے یا نہیں کرتا، الیکشن ایکٹ میں ترمیم اس وقت قانون ہے سپریم کورٹ نے اسے اسٹرائیک ڈاؤن نہیں کیا، اعظم نذیر تارڑ کی بات اپنی جگہ مگر ن لیگ میں خوف نظر آرہا ہے۔ حفیظ اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ میری آج دو ماہ بعد اپنے بیٹے سے ملاقات ہوئی ہے، میڈیا کے تمام دوستوں اور خصوصاً رپورٹ کارڈ ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میرا ساتھ دیا، عمران ریاض خان کو دیکھنے کے بعد میں اپنے بیٹے کیلئے بہت پریشان تھا۔شہزاد اقبال نے کہا کہ اعظم نذیر تارڑ کی الیکشن ایکٹ میں کی گئی ترمیم کی غلط تشریح کررہے ہیں، قانونی ماہرین کی اکثریت کی رائے ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی حیثیت وہی ہے جو آئین کی ہوتی ہے۔