پٹواری کیخلاف مقدمات،تفتیشی رپورٹس چھپانے پر DG اینٹی کرپشن کو نوٹس

13 اکتوبر ، 2023

لاہور(آصف محمود بٹ ) پنجاب انفارمیشن کمیشن نے معلومات تک رسائی کے قانون 2013کے تحت پٹواری کے خلاف درج مقدمات اور انکی حتمی تفتیشی رپورٹس پبلک نہ کرنے پر ڈی جی اینٹی کرپشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ڈائریکٹر لیگل اینٹی کرپشن کو 23اکتوبر کے روز طلب کر لیا ہے۔ ’’جنگ‘‘ کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے خواجہ واجد علی پٹواری نے ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب اور ڈائریکٹر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ ، سرکل آفیسر اینٹی کرپشن سیالکوٹ اور محرر تھانہ اینٹی کرپشن سیالکوٹ کو رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2013ء کے تحت درخواست دی کہ اسے تھانہ اینٹی کرپشن سیالکوٹ میں اس کے خلاف مقدمات کے حتمی نتائج ، اس کے خلاف تمام درج شدہ مقدمات کی ایف آئی آرز، انکوائریاں اور مذکورہ ایف آئی آرز کی انکوائری رپورٹس بمعہ رزلٹ اسے فراہم کی جائیں جو اسے قانون کے مطابق مقررہ 14دنوں میں فراہم نہیں کی گئیں ۔