حکومت سی پیک منصوبوں پر عملدرآمد کیلئے پرعزم ہے ،وزیر منصوبہ بندی

13 اکتوبر ، 2023

اسلام آباد( کامرس رپورٹر) نگران وزیر منصوبہ بندی سمیع سعید نے کہا ہےکہ نگران حکومت سی پیک کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کیلئے پرعزم ہےسی پیک کا دوسرا مرحلہ کامیابی سے اپنے سفر کی طرف جار ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹر آف ایکسیلینس ، سی پیک کے زیر اہتمام بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو، مشترکہ خوشحالی کی راہ ہموار کرنا کےعنوان سےمنعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیاچینی سفیر جیانگ زیڈونگ مہمان خصوصی تھے، وزیر منصوبہ بندی نے کہا 2013 میں آغاز سے ہی سکیورٹی خدشات، سیاسی عدم استحکام اور کوویڈ 19 کی وبا ءجیسے چیلنجوں کا سامنا کرنے کے باوجود چین اور پاکستان سی پیک کے نفاذ کیلئے پرعزم ہیں، قائد اعظم یونیورسٹی میں معدنیات اور قدرتی وسائل پر تحقیق کیلئے جدید ارتھ سنٹر قائم کیا گیا ہےجو چین کے تعاون سےمعدنیات کے شعبے کو جدید بنانے اور اس میں قیمتی وسائل کی تلاش کیلئے کام کریگا اب تک سی پیک کے تحت 31 مختلف منصوبے مکمل کئے گئے ہیں ان پر 32 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی جبکہ ملک میں 4 خصوصی صنعتی زونز بنائے گئے،چین کیساتھ زراعت، سائنس اور ٹیکنالوجی ، آئی ٹی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائیگا، چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے سیمینار کے انعقاد پر سنٹر آف ایکسیلنس سی پیک اور وزارت منصوبہ بندی کی کاوشوں کو سراہا ۔