ڈالرکی قیمت میں کمی کےثمرات،ملک میں چاولوں کی قیمت 25فیصدتک کم

15 اکتوبر ، 2023

کراچی(این این آئی)ملک میں بڑھتی مہنگائی کے باعث ضروریات زندگی کی ہراشیا کی قیمتوں کو پرلگ گئے ہیں۔تاہم ڈالر کی قیمت میں کمی کے بعد مہنگائی کے کم ہونے کے ثمرات نظر آنے لگے ہیں۔اس سال چاول کی زیادہ کاشت کے باعث قیمتوں میں بھی کمی آئی ہے۔ برآمد کنندگان نے اس سال چاول کی برآمدات کیلئے 3ارب روپے کا ہدف مقرر کیا ہے۔چاول کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے ،جس کے بعد چاول 25فیصد تک سستے ہوگئے ہیں۔تفصیلات کےمطابق اری6چاول کی قیمت میں25روپے کی کمی ہوئی ہے ، جو اب 125روپے فی کلوگرام پرکھڑی ہے، جبکہ اری 9چاول 30روپے کی کمی کے بعد190روپے میں دستیاب ہے۔اسی طرح 86پرانے چاول کی قیمت میں 25روپے کی کمی ہوئی جس سے اس کی قیمت 210 روپے فی کلو تک گرگئی جبکہ 46 روپے کی کمی کے بعد اب 86 نئے چاول کی قیمت 161 روپے فی کلو ہے۔سیلا چاول، جس کی قیمت پہلے 335 روپے تھی،اب 260 روپے فی کلو ہے، اور باسمتی چاول،جو 370 روپے تھا، اب 250 روپے فی کلو ہے۔ہول سیل گروسرز کے وائس چیئرمین اسماعیل آگر نے نشاندہی کی کہ پچھلے سال کے سیلاب نے فصل کو بری طرح متاثر کیا تھا۔