مساجد مقامی آبادی کو تعلیم دینے اور رابطے کا اہم ذریعہ ہیں‘ صدر علوی

15 اکتوبر ، 2023

اسلام آباد (طاہر خلیل) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مساجد مقامی آبادی کو تعلیم دینے اور رابطے کا اہم ذریعہ ہیں، 27ملین سکولوں سے باہر بچوں کی تعلیم کیلئے ہزاروں سکول درکار ہوں گے، ملک بھر میں 2.5لاکھ سے زائد مساجد کو شرح خواندگی بڑھانے کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ فجر اور ظہر کے درمیان مساجد میں بچوں کو مذہبی تعلیم، جدید ہنر اور تعلیم سے آراستہ کیا جاسکتا ہے۔ وہ معاشرتی و سماجی ترقی میں منبر و محراب کے کردار کے حوالے سے اجلاس میں اظہارِ خیال کر رہے تھے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی انیق احمد، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزراء برائے اوقاف و مذہبی امور، چاروں صوبوں اور آزاد جموں کشمیر کے اوقاف و مذہبی امور محکموں کے سیکرٹریز اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں شرکاء نے اہم قومی اور سماجی موضوعات پر تعلیم دینے میں علماء کے کردار کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کیں۔