اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کیلئےقطر میں حماس سے ملاقات کرونگا، روسی وزیر خارجہ

15 اکتوبر ، 2023

ماسکو (اے ایف پی) روس کے نائب وزیر خارجہ میخائل بوگدانوف نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کیلئے مذاکرات کیلئے آئندہ ہفتے قطر میں فلسطینی گروپ حماس کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔روس نے اب تک اسرائیل اور حماس کے درمیان تنازع میں دونوں طرف سے تشدد کی محتاط مذمت، جبکہ ثالثی کی پیشکش کی تجدید کی ہے۔میخائل بوگدانوف نےروسی خبررساں ادارے کو بتایا کہ انہوں نےدورے کے دوران حماس کے نمائندوں سے ملاقات کے امکان کومسترد نہیں کیا،انہوں نے مزید کہا کہ اگر وہ چاہیں تو ہم ہمیشہ رابطے کے حق میں ہیں۔ خاص طور پر اس صورت حال میں ملاقات یرغمالیوں کی رہائی سمیت عملی مسائل کے حل کے لیے مفید ہو گی۔خیال کیا جاتا ہے کہ حماس نے غیرملکیوں سمیت تقریباََ150 اسرائیلوں کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔روس کےاسرائیلی اور فلسطینی حکام دونوں کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں۔کرغزستان کے دورے کے موقع پرروسی صدر ولادیمیر پوٹن نے بھی کہا تھا کہ روس بحران کے خاتمے کے لیے کوئی راستہ تلاش کرنے میں مدد کر سکتا ہے۔روسی رہنما نے کہا ہے کہ فلسطینی ریاست کا قیام تنازع کے حل کا واحد قابل عمل راستہ ہے۔روس اس تنازع کا ذمہ دار مغرب کو ٹھہراتا ہے۔