قائداعظم ٹرافی بولرز چھاگئے، بلوچستان کیخلاف سندھ بڑی برتری کی طرف گامزن

25 نومبر ، 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے تین گرائونڈز میں قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کا ساتواں رائونڈ شروع ہوگیا۔پہلے دن بولروں کا راج رہا۔ پنجاب میں ہونے والے میچوں میں بیٹسمین چھائے ہوئے تھے جس پر چیئرمین رمیز راجا نے ناراضی کا اظہار کیا تھا۔ یوبی ایل کمپلکس میں سندھ کی ٹیم بلوچستان کے خلاف بڑی برتری کی جانب گامزن ہے۔ بلوچستان کی ٹیم صرف 96رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ عمران بٹ نے سب سے زیادہ 33 رنز بنائے۔ لیگ اسپنر ابرار احمد نے 23 رنز دے کر پانچ اور سہیل خان نے 26 رنز کے عوض چار وکٹ حاصل کئے۔جواب میں سندھ کی ٹیم نے ایک وکٹ پر 229 رنز بنائے تھے۔ خرم منظور 94 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ سیزن کی واحد ٹرپل سنچری بنانے والے احسان علی 19 چوکوں کی مدد سے131 گیندوں پر119رنز بناکر کھیل رہے ہیں۔ بدھ کو اسٹیٹ بینک گرائونڈ میں سدرن پنجاب کی ٹیم228 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ عمر صدیق نے 85 اور سلمان آغا نے61 رنز بنائے۔ سینٹرل پنجاب کے وقاص مقصود اور محمد علی نے چار ، چار وکٹ حاصل کئے۔ نیشنل بینک کمپلکس میں خیبر پختون خوا کے خلاف ناردرن پہلی اننگز میں250 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ مبشر خان نے96 اور محمد ہریرا نے70رنز اسکور کئے۔ عرفان اللہ،ثمین گل، ارشد اقبال اور خالد عثمان نے دو دو وکٹ حاصل کئے ۔