کوئی سینئر نا جونیئر،انٹرنیشنل کرکٹ میچز کیلئے فیس یکساں کردی گئی

25 نومبر ، 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینٹرل کنٹریکٹ والے کھلاڑیوں کو ہر انٹر نیشنل میچ کی یکساں فیس دی جائے گی۔ بابر اعظم یا کسی سینئر کی طرح، جونیئر کھلاڑیوں کے لئے میچ فیس مساوی کردی گئی ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں فیس کا سسٹم یکساں کردیا گیا ہے۔ پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ انٹر نیشنل کرکٹ کے بارے میں فیصلہ جولائی میں کیا گیا تھا جبکہ ستمبر میں ڈومیسٹک کرکٹ کی میچ فیس کا اعلان کیا ہے البتہ سلیب سسٹم اب ختم کردیا گیا ہے۔ پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط کرنے والے پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں کی ٹیسٹ، ون ڈے اورٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل کی فیس مساوی ہے اسی طرح ڈومیسٹک میچ کھیلنے والے کھلاڑیوں کو بھی ایک جتنی میچ فیس ملےگی۔ البتہ ریٹینر شپ کا معاوضہ سینیارٹی اور کارکر دگی کی بنیاد پر بڑھا دیا گیا ہے۔ ڈومیسٹک میں192 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دیا گیا تھا۔ دس کھلاڑیوں کو ماہانہ ڈیڑھ لاکھ روپے ریٹینر دیا گیا تھا۔ سینٹرل کنٹریکٹ والےکھلاڑیوں کو اب ڈومیسٹک میچ فیس ملا کرے گی۔ پی سی بی پہلے ڈومیسٹک میچ کھیلنے پر سینٹرل کنٹریکٹ کی نصف میچ فیس دیتا تھا ۔ اب کرکٹرز کو ڈومیسٹک میچوں کی فیس ہی ملے گی۔