آڈیو ٹیپس،ثاقب نثار بتائیں ہمیں سزا دینے کیلئے کس نے مجبور کیا، مریم نواز

25 نومبر ، 2021


اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے سابق چیف جسٹس کی لیک آڈیو کو ثاقب نثار کیخلاف چارج شیٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ثاقب نثار بتائیں مجھے اور نوازشریف کو سزا دینے کیلئے کس نے مجبور کیا، وہ کون تھا جسے بطور چیف جسٹس بھی انکار نہ کر سکے، نواز شریف کے حق میں پانچویں گواہی، سابق چیف جسٹس تو اپنی بے گناہی میں کچھ نہیں کہہ رہے لیکن حکومت کے ورزا جواب دینے کیلئے ہلکان ہو رہے ہیں، وہ ثاقب نثار کے بےنقاب ہونے پر اپنے گناہوں سے ڈرتے ہیں، ثاقب نثار چپ، وزرا دفاع کرتے ہلکان ہو رہے ہیں، آج نہیں تو کل یہ سچ اُگلنا ہوگا، پاناما میں 450افراد تھے کسی اور کو تو کچھ نہیں کہا۔ اسلام آباد میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور جنرل سیکرٹری احسن اقبال کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پہلے ثاقب نثار نے کہا تھا کہ یہ آواز انکی نہیں ہے، ثاقب نثار کو آج نہیں تو کل سچ بتانا پڑیگا۔ ثاقب نثار بتائیں کس نے انہیں کہا کہ عمران خان کو لانا ہے، ثاقب نثار بتائیں آپ غیر قانونی اقدامات پر کیوں مجبور ہوئے اور وہ کون تھا جسے آپ بطور چیف جسٹس انکار نہیں کر سکتے تھے۔ پاناما میں 450 افراد کے نام آئے،کسی کو کچھ نہیں کہا گیا جس کا نام نہیں آیا اس کو سزا دی گئی، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر منتخب وزیراعظم کو آفس سے باہر نکالا گیا۔ نامور امریکی ادارے سے آڈیو کی فرانزک کی گئی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ یہ آڈیو ایڈیٹڈ نہیں ہے۔ جب یہ آڈیو سامنے آئی تو ثاقب نثار صاحب کا کہنا تھا کہ یہ انکی آڈیو نہیں ہے، بعد ازاں ایک چینل کی مدد سے انہوں نے قبول کیا اور کہا کہ یہ آڈیو توڑ جوڑ کر بنائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے فیصلے ادارے دیتے ہیں آڈیو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کو لانا ہے تو نواز شریف کو سزا دینی ہوگی، اور بیٹی کو بھی سزا دی جائے۔مریم نواز نے کہا کہ میں پروپیگنڈا کرنے والے چینل کو کہنا چاہتی ہوں کہ وہ جملے بتائیں جو آپ چھپا رہے ہیں اور ہماری رہنمائی کریں کہ یہ جملے جسٹس ثاقب نثار نے کس تقریر میں کہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس شوکت عزیز نے اگر کوئی الزام لگایا ہے جس میں آپ نے اعتراف کیا ہے کیا وہ ویڈیو بھی جھوٹی ہے۔انکا کہنا تھا کہ شوکت عزیز کی گواہی کے بعد ارشد ملک جنہوں نے نواز شریف کو سزا سنائی تھی اس وقت جو میں نے ویڈیو ریلیز کی تھی عوام کے سامنے ہے۔مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو سچ بولنے کی پاداش میں نکال دیا، جسٹس کھوسہ صاحب نے اس وقت کہا تھا کہ فیصلہ عدلیہ کے چہرے پر کالا دھبہ ہے آپ نے اس جج کو نکال دیا لیکن وہ فیصلہ اب بھی موجود ہے۔