عالمی برادری انتہاپسندی اور دہشت گردی کیخلاف مل کر کام کرے، شاہ سلمان

25 نومبر ، 2021

ریاض (جنگ نیوز ) سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے عالمی برادری سے انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون بڑھانے اور بقائے باہمی کے اصولوں کو اپنانے پر زور دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری انتہاپسندی اور دہشتگردی کے خلاف مل کر کام کرے ،غیر ملکی میڈیا کے مطابق جدہ میں روس اور اسلامی دنیا گروپ کے سربراہی اجلاس میں سعودی وزیر خارجہ نے بادشاہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نمائندگی کرتے ہوئے اُن کا بیان پڑھ کر سنایا۔شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ہم اس پلیٹ فارم سے مختلف مذاہب اور تہذیبوں کے درمیان اتفاق کو مضبوط اور انسانی اقدار کو باوقار بنانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔سعوی فرمانروا کا اپنے بیان میں یہ بھی کہنا تھا کہ ہم مختلف مذاہب اور تہذیبوں کے پیروکاروں کے درمیان بات چیت کے امکانات کو تیز کرنے جب کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی سے نمٹنے میں تعاون بڑھانے کے لیے اسلامی دنیا اور روسی فیڈریشن کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔