ڈیلرزکا آج پیٹرول پمپ بند کرنے کا اعلان، تعطل پر سخت کارروائی ہوگی، اوگرا

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) ڈیلرزکا آج پٹرول پمپ بند کرنیکا اعلان،اوگرا کا کہنا ہے کہ تعطل پرسخت کارروائی ہوگی،ترجمان پٹرولیم ڈیلرز کا کہنا ہے کہ صرف ایمبولینسز کو فیول ملے گا، پی ایس او اور شیل نے پٹرول پمپ کھلے رکھنے کا اعلان کیا ہے ، وزارت توانائی کے مطابق آئل سپلائی کیلئے ٹینکرزروانہ کردیئے، ڈیلرز کے مارجن بڑھانے کیلئے کیس ای سی سی کوبھیجوا دیا ، تفصیلات کے مطابق پاکستان پیٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے باعث جمعرات (آج) کوملک بھر میں پٹرول پمپ بند ہونگے صرف ایمبولینسز کو فیول فراہم کیا جائے گا۔پاکستان پٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن کے ترجمان نعمان بٹ نے کہا ہے کہ ہمارے ساتھ کسی نے کوئی مذاکرات نہیں کیے۔ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ 25 نومبر صبح 6 بجے سے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند رہیں گے،ہڑتال کے دوران صرف ایمبولنسز کو پٹرول فراہم کیا جائے گا۔ترجمان نے کہاکہ کم منافع کے مارجن پر پٹرول فروخت کرنے پر ہڑتال کی کال دی ہے۔ حکومت ہمارے مطالبات کی 17 نومبر کی ڈیڈ لائن کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ اس سے قبل چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایس عبدالسمیع خان نے مارجن نہ بڑھانے کی صورت میں 5 نومبر کو ملک میں پیٹرول پمپس بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔عبدالسمیع خان کے مطابق حکومت نے ڈیلرز کے کمیشن میں اضافے کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن اس پر عمل نہیں ہوا۔بعد ازاں وفاقی وزیر حماداظہر سے چیئرمین پاکستان پیٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی جس میں حکومت نے پیٹرولیم ڈیلرز کو مارجن بڑھانے کی یقین دہانی کرادی تھی جس کے بعد ہڑتال 17 نومبر تک موخر کردی گئی تھی۔ادھرجمعرات سے ملک بھر میں پٹرول پمپس مالکان کی ہڑتال کے باعث کھلے عام پٹرول فروخت کرنیوالے ڈیلرز نے پٹرول ذخیرہ کرنا شروع کردیا ہے جبکہ لوگ بھی بڑی تعداد میں پمپس پر پٹرول ڈلواتے نظر آرہے ہیں۔