اقوام متحدہ فلسطین مقبوضہ کشمیر کو غیر ملکی قبضے سے آزادی دلانے میں ناکام رہی،منیر اکرم

25 اکتوبر ، 2023

نیویارک (صباح نیوز)اقوام متحدہ میں پاکستان کے مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ 1945میں اپنے قیام کے بعد سے اقوام متحدہ کی بہت سی کامیابیوں کے باوجودفلسطینیوں اور کشمیر یوں کو غیر ملکی قبضوں سے آزادی دلانے میں ناکام رہی ہے،عالمی امن اور سلامتی کو درپیش خطرات ، نئی جوہری اور روایتی اسلحہ کی دوڑ روکنے،جامع عالمی اقتصادی ترقی ، موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات پر قابو پا نے اور اس کا مقابلہ کرنے کیلئے اقوام متحدہ کی صلاحیت کو مزید تقویت دینے کی ضرورت ہے،پاکستان نے عالمی امن، سلامتی کے حصول میں اقوام متحدہ کاکردار آگے بڑھانے میں مثبت کردار ا دا کیا اور کرتا رہے گا۔ اقوام متحدہ کی79 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ غزہ میں اسرائیلی بمباری سے فلسطینیوں کا قتل عام اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اقوام متحدہ کی ناکامیوں کی سب سے نمایاں مثالیں ہیں۔