بڑے بڑے لوگوں کی فلمیں آنے والی ہیں،کیپٹن(ر) صفدر

25 نومبر ، 2021

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رہنماء کیپٹن (ر) صفدر نے کہا ہے کہ نواز شریف کی واپسی فیملی سیکرٹ ہے ، جب بھی واپس آئینگے چار پانچ لاکھ لوگ ایئر پورٹ پر استقبال کیلئے پہنچیں گے، اسلام آباد ہائیکورٹ آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے آئندہ چند روز میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی سینما اسکوپ فلم آنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ بڑے بڑے لوگوں کی فلمیں آئیں گی ، کوئی سوئمنگ پول ، کوئی واش روم میں گھرا ہوا ہے،اس فلم کا ڈائریکٹر ایک عام پاکستانی ہے جو قائد اعظم کو بتاتا ہے کہ پاکستان کمزور اور دو لخت ہو گیا، نواز شریف کی وطن واپسی فیملی سیکرٹ ہے کہ وہ کب آئیں گے ، البتہ نواز شریف جب وطن واپس آئیں گے تو چار پانچ لاکھ لوگ لاہور ائیرپورٹ پر استقبال کرینگے، پچھلی مرتبہ شہباز شریف کے نہ پہنچ پانے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہاکہ ٹینکوں توپوں کے سامنے کون رک سکتا ہے ، اب کی بار ایسا نہیں ہو گا ، ترکی کی تاریخ دہرائی جائیگی ، انکی خوش قسمتی ہے کہ میں پنڈی سے گرفتار ہوگیا تھا، سماعت سے قبل کمرہ عدالت پہنچنے پر مریم نواز نے کیپٹن (ر)صفدر سے کہاکہ آج آپ نے میرے کپڑوں کیساتھ میچنگ کی ہے جس پر وہ مسکرا دئیے، اس حوالے سےصحافی کےسوال پر انہوں نے کہا کہ ہمارے دل جو ملے ہوئے ہیں،میں پشاور سے آیا ہوں ، واپسی پر اکٹھے ہی جائینگے۔