عدالتی فیصلوں کا پابند،عہدہ چھوڑکرعوام کیساتھ کھڑاہونگا،سعیدغنی

25 نومبر ، 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلوں کو ماننے کے ہم پابند ہیں، لیکن اگر کوئی ایسا فیصلہ آجائے اور مجھے کہا جائے کہ آپ اس پر عمل درآمد کریں، جس کے نتیجہ میں کوئی انسانی المیہ جنم لے سکتا ہو، جس کے نتیجہ میں اس صوبے کہ اس شہر کے لاکھوں لوگوں کے گھروں کی چھتیں جاسکتی ہوں اس پر میں قائم ہوں کہ میں اپنے عہدوں کو چھوڑ دوں گا اور اپنے لوگوں کے ساتھ جاکر کھڑا ہوجاؤں گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز سندھ اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، سعید غنی نے کہا وفاقی کابینہ میں وزیر اعظم سمیت ان کے وزراء بعض اوقات ایسی ایسی بے تکی باتیں کرجاتے ہیں جس سے ملک کا تماشہ بنتا ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ پاکستان کے ایک صوبے کا وزیر اعلیٰ ہے کسی اسرائیل یا بھارت کے کسی صوبے کا وزیر اعلیٰ تو نہیں ہے کہ آپ ان سے بات کرنا نہیں چاہتے ہیں اور نہ ان سے کسی قسم کی کوئی مشاورت کرنا چاہتے ہیں۔میں یہ سمجھتا ہوں کہ یہ سراسر سندھ دشمنی ہے اور سندھ کے عوام کو اس بات کی سزا دینے کے مترادف ہے کہ انہوں نے پیپلز پارٹی کو ووٹ کیوں دیا ہے۔