وزارت خزانہ کی درخواستوں کے باوجود IMF کا نیم مالی آپریشنز کی اجازت دینے سے انکار

25 نومبر ، 2021

اسلام آباد (مہتاب حیدر) وزارت خزانہ کی درخواستوں کے باوجود IMF نے نیم مالی آپریشنز کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔ جب کہ اسٹیٹ بینک ترمیمی بل 2021 کے ڈرافٹ میں زری اور مالی پالیسی رابطہ بورڈ کو ختم کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔ تفصیلات کے مطابق، اسٹیٹ بینک ترمیمی بل 2021 کے متفقہ نظرثانی شدہ ڈرافٹ میں وزارت خزانہ کی درخواستوں کے باوجود حکومت، زری اور مالی پالیسی رابطہ بورڈ (ایم ایف پی سی بی) کی ہدایت پر نیم مالی آپریشنز جاری رکھنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔ آئی ایم ایف نے وزارت خزانہ کی اس طرح کی تمام درخواستوں کو مسترد کردیا ہے کیوں کہ اسٹیٹ بینک ترمیمی بل 2021 کے مجوزہ ڈرافٹ میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ نیم مالی آپریشنز روک دیئے جائیں گے۔ اب حکومت وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد ممکنہ طور پر آئندہ ہفتے متفقہ ڈرافٹ پارلیمنٹ میں پیش کرے گی۔ موجودہ اسٹیٹ بینک ایکٹ 1956 کے تحت مرکزی بینک کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ نیم مالی آپریشنز جاری رکھے۔ڈرافٹ میں وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک کے درمیان تعاون کے حوالے سے بھی طریقہ کار مکمل طور پر تبدیل کیا گیا ہے، اسٹیٹ بینک ایکٹ 1956کے تحت زری اور مالی پالیسی رابطہ بورڈ موجود ہے لیکن مجوزہ ڈرافٹ میں اس رابطہ بورڈ کو ختم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔