مریم نے اشتہار روکنے کا مان لیا، لندن جائیدادیں بھی تسلیم کر لیں،فواد چوہدری

اسلام آباد(نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز) وفاقی وزیراطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ مریم نواز شریف نے اشتہار روکنے کا مان لیا، لندن جائیدادیں بھی تسلیم کر لیں،یہ سنگین مالی بے ضابطگیوں کا ایک اور اعتراف ہے۔ ٹوئٹر پر ایک بیان میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مریم نواز کہتی ہیں کہ وہ پارٹی کا میڈیا سیل چلارہی تھیں، اس اعترافی بیان کے بعد امید ہے وہ اپنی اور خاندان کی بیرون ملک جائیدادوں کا اعتراف بھی کر لیں گی، قوم چشم براہ ہے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سابقہ دور میں مریم نواز کی سرپرستی میں قائم میڈیا سیل کے ذریعے 15 سے 18 ارب روپے صحافیوں میں تقسیم کئے گئے، قومی خزانے سے تقریباً 10 ارب روپے خرچ کئے گئے، ایک پرائیویٹ شخص کی طرف سے سرکاری فنڈز کو ہینڈل کرنا سنگین جرم ہے، اشتہارات ایک حربہ نہیں تھا، اس کے علاوہ بھی سابق دور حکومت میں بہت سے حربے استعمال کئے جاتے رہے ہیں، مریم نواز کے اعتراف کی تحقیقات کرائیں گے جو کارروائی ہوگی وہ میڈیا کے ساتھ شیئر کریں گے اگلا مرحلہ کاروائی کا ہے۔