انسداد پولیو کیلے نیشنل ایمر جنسی ایکشن پلان 23-2022 منظور وائرس کا مکمل خاتمہ کریں گے : وزیراعظم

25 نومبر ، 2021

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موسم سرما میں پولیو کے پھیلائو کی شرح کم ہوتی ہے اور بچوں کی ایمیونائزیشن کیلئے یہی موزوں ترین وقت ہوتا ہے۔ہم سب نے مل کر پولیو وائرس کا خاتمہ کرنا ہے۔ گزشتہ روز قومی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے انسداد پولیو کے موثر اقدامات پر صوبائی صحت کے محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔اجلاس میں انسداد پولیو کیلئے دو سالہ نیشنل ایمرجنسی ایکشن پلان 23-2022 کی منظور ی دی گئی ۔ وزیر اعظم نےبین الاقوامی شراکت داروں کا مالی اور تکنیکی امداد پر شکریہ ادا کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو پولیو کے خاتمے میں افغانستان کی بھی مدد کرنی چاہیئے تاکہ ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے۔ وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ بچوں کے دیگر ایمیونائزیشن پروگرامز کو بھی انسداد پولیو مہم کیساتھ چلایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ کوریج حاصل کی جاسکے۔ اجلاس کو دی گئی بر یفنگ میں بتایاگیا کہ اگلے پانچ سالوں کیلئے 798.6 ملین ڈالر کا PC-I منظوری کیلئے تیار ہے جس میں بین الاقوامی اداروں اور حکومت پاکستان کی مالی معاونت شامل ہے۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کے سال 2020 میں پولیو کے 84 کیس رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ دس ماہ میں کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا جو پاکستان کی انسداد پولیو کے حوالے سے بڑی کامیابی ہے۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ پاکستان میں پولیو وائرس افغان مہاجرین کے ذریعے داخل ہوتا ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان کو 36 ماہ کا عرصہ بغیر کسی پولیو کیس کے رپورٹ ہوئے مکمل کرنے کے بعد ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی طرف سے پولیو فری سرٹیفکیٹ حاصل ہو جائے گا۔انجنئیر ان چیف پاکستان آرمی نے اجلاس کو پولیو ٹیموں کو فراہم سیکیورٹی کے حوالے سے آگاہ کیا۔بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں نے انسداد پولیو مہم کی موثر قیادت پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور مکمل تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔علاوہ ازیں عمران خان سے وزیراعظم آزاد کشمیرسردار عبدالقیوم نیازی نے ملاقات کی ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے عمران خان کو اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے حوالے سے قانون سازی سمیت33 بلز پارلیمنٹ سے منظور کروانے پر مبارک باد پیش کی۔