افغانستان میں انسانی بحران روکنے کیلئے عالمی برادری توجہ دے، آرمی چیف

25 نومبر ، 2021

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے۔ افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کے لیے عالمی اشتراک کی ضرورت ہے جبکہ برطانوی خصوصی نمائندے نائیجل کیسی نے کہا ہے کہ افغان صورت حال اور علاقائی استحکام میں پاکستان کا کردار اور بارڈر مینجمنٹ کیلئے خصوصی کاوشیں قابل ستائش ہیں ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغانستان، پاکستان اور ایران کے فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس اور برطانیہ کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان و پاکستان نائیجل کیسی نے ملاقات کی، جس میں میں باہمی دلچسپی کے امور، افغانستان کی حالیہ پیش رفت سمیت علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہم اپنے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے خواہاں ہیں، پاکستان عالمی و علاقائی سطح کے امور میں برطانیہ کے کردار کو اہمیت دیتا ہے اور برطانیہ کے ساتھ باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔