پٹرولیم ڈیلرز کا آج سے ملک گہر ہڑ تال کا اعلان ،پمپوں پر لوگوں کا رش

25 نومبر ، 2021

لاہور(سپیشل رپورٹر،کرائم رپورٹر سے،نمائندگان جنگ، نامہ نگاران)پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ڈیلر مارجن نہ بڑھانے پر ایک بار پھرآج جمعرات کی صبح6بجے سے غیرمعینہ مدت تک ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کردیا۔ پٹرول کی بندش کے اعلان کیساتھ ہی بدھ کی دوپہر سے ہی لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، گجرات، فیصل آباد،ملتان، کراچی، پشاور، کوئٹہ ، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر سمیت ملک بھر کے پٹرول پمپوں پر پٹرول، ڈیزل بھروانے کیلئے لوگ ٹوٹ پڑے، پمپوں پر موٹرسائیکلوں، گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔بیشتر شہری خالی بوتلیں لیکر بھروانے پہنچ گئے۔ ڈیوس روڈ،شملہ پہاڑی ،گلبرگ ،مغلپورہ ،گڑھی شاہو ،راوی روڈ ،اقبال ٹائون ،جوہر ٹائون ،ماڈل ٹائون سمیت شہر بھر میں پٹرول بھروانے کیلئے دھکم پیل ، شہری میلوں سفر کر کے پٹرول ، ڈیزل کے حصول کیلئے خوار ہوتے رہے۔ پٹرول کے حصول کیلئے شدید دھکم پیل دیکھنے میں آئی۔ لاہور سمیت کئی شہروں میں لوگوں کی بڑی تعداد کے پٹرول کے حصول کیلئے پمپوں پر پہنچنے سے سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما ماجد انصاری کا کہنا ہے کہ حکومت نے ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیے۔سیکرٹری پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نعمان بٹ کا کہنا ہے کہ ڈیلر مارجن 6 فیصد ہونے تک حکومت سے مذاکرات نہیں ہوں گے، حکومت نے مطالبات ماننے کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن ابھی تک کوئی رابطہ نہیں کیا، حکومت کی یقین دہانی کے بعد 5 نومبر کی ہڑتال کی کال واپس لی تھی۔سیکرٹری پٹرولیم ڈیلرز کا کہنا ہے کہ پٹرول پمپ مالکان کوجمعرات کی صبح 6 بجے سے پمپ بند رکھنےکا کہہ دیا ہے۔ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کا کہنا کہ لاہور میں 400 کے قریب پمپ ہیں جن میں سے تقریباً 90 فیصدآج جمعرات سے بند ہوں گے اور مطالبات پورے ہونے تک ہڑتال جاری رہے گی۔ادھر وزارت پٹرولیم کے ترجمان نے کہاہے کہ تمام پی ایس او ،شیل، ٹوٹل اور دیگر کمپنیوں کے پٹرول پمپ کھلے رہیں گے،آئل سپلائی میں تسلسل کیلئے ٹینکر روانہ کردیئے ہیں ،عوام کوفکرمند یا پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔پٹرول پمپ ڈیلرز کے مارجن بڑھانے کیلئے کیس ای سی سی بھجوا دیا گیا،آئل مارکیٹنگ کمپنیز اور ڈیلرز کے مارجن میں مناسب اضافے کیلئے وزارت کوشاں ہے،وزارت پٹرولیم کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ کے ذریعے سے 10روز میں فیصلے کا امکان ہے۔وفاقی وزیر توانائی محمدحماد اظہر نے بیان میں کہا ہے کہ ہم پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے ساتھ رابطے میں ‏ہیں مارجن پر نظر ثانی سے متعلق سمری پہلے ہی ای سی سی میں پیش کرچکے ہیں۔ ای سی سی کے آئندہ اجلاس ‏میں فیصلہ ہوجائے گا۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری انفارمیشن خواجہ عاطف نے کہا کہ ہم نے 5 تاریخ کو ہڑتال کا اعلان کیا تھا، یقین دہانی پر ہڑتال مؤخر کی لیکن حکومت نے بیک آؤٹ کیا، اب ہم نے25نومیر کیلئےہڑتال کا اعلان کیا ہے،منافع کے موجودہ مارجن میں ہمارے لیے کاروبار کرنا مشکل ہوگیا ہے۔لاہور میں 400 کے قریب پیٹرول پمپس ہیں، کل سے 80 سے 90 فیصد پیٹرول پمپس بند ہوں گے، ہم اس وقت مائنس میں جارہے ہیں۔ادھر پاکستان سٹیٹ آئل پی ایس او اور شیل انتظامیہ نے اعلان کیا کہ آج کی ہڑتال سےہمارا کوئی تعلق نہیں۔ پی ایس او اور شیل کے تمام پٹرول پمپ آ ج معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے بھی ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کیا۔