سخت مالیاتی ڈسپلن سے ترقیاتی منصوبوں میں کروڑوں کی بچت ہوئ : وزیر اعلیٰ بزدار

25 نومبر ، 2021

لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں آڈیٹر جنرل آف پاکستان محمد اجمل گوندل نے ملاقات کی-وزیراعلیٰ نے کہاکہ مالیاتی امور میں شفافیت حکومت پنجاب کا طرہ امتیاز ہے - ترقیاتی منصوبوں میں مالیاتی ڈسپلن نافذ کرنے سے کروڑو ں روپے بچائے ہیں - شفافیت پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا - پنجاب حکومت کی شفافیت دوسرے صوبوں کے لئے قابل تقلید ہے -ترقیاتی منصوبوں میں اعلیٰ معیار اور فنڈز کے بروقت استعمال کویقینی بنانے کے لئے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کانظام متعارف کرایا ہے-دریں اثناءوزیراعلیٰ پنجاب سے صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم اور رکن پنجاب اسمبلی یوڈیسٹر چوہان نے ملاقات کی-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا اقلیتی برادری کیلئے ملازمتوں کے مختص 5 فیصد کوٹے پر 100فیصد عملدرآمد کرانے کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں -اقلیتی برادری کی فلاح وبہبود کیلئے رواں مالی سال 2ارب 50کروڑ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔ سابق دور میں اقلیتی برادری کی فلاح کے لئے عملی طورپر کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا ،ہم نے گردواروں،مندروں اورگرجا گھروں کی تعمیرو مرمت کے لئے خصوصی فنڈز مختص کیے جبکہ سب سے بڑی جمہوریت کے نام نہاد دعویداربھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک قابل مذمت ہے-مودی سرکار نے بھارت کو ہندواسٹیٹ بنا دیا ہے-مودی سرکار نے بھارت میں اقلیتوں پرعرصہ حیات تنگ کردیاہے- علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی رہائش گاہ پر جاکران کے بڑے بھائی کی وفات پر ان سے تعزیت کااظہار ،دعا مغفرت کی اور درجات کی بلندی کے لیے بھی دعا کی-علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ خواتین پر تشدد خلاف انسانیت فعل ہے۔