گیس بحران جاری، لاہور میں قلت پر ہوٹلوں نے کھانے مہنگے کردئیے

25 نومبر ، 2021

لاہور(سپیشل رپورٹر) سردی کی شدید لہر کی وجہ سے لاہور سمیت کئی شہروں میں گیس بحران ختم نہ ہوسکا۔ صوبائی دارالحکومت میں گیس پریشر نہ ہونے کے برابر رہ گیا، کئی علاقوں کو گیس فراہمی مکمل بند کردی گئی۔ متاثرہ علاقوں کے رہائشی گھروں میں ایل پی جی، اور جلانے کیلئےمہنگی لکڑیاں استعمال کرنے پر مجبور ہو گئے ۔ گیس لوڈشیڈنگ کی وجہ گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑنے پر ہوٹل اور ریسٹورنٹس مالکان نے کھانوںکی قیمتوں میں 50سے 100 فیصد تک اضافہ کردیا۔دال کی ہاف پلیٹ 40روپے سے 50 ،چکن ہاف پلیٹ 120 روپے سے بڑھ کر 180 روپے ہوگئی۔ لاہور جم خانہ میں بھی گیس کی سپلائی بند ہو گئی جس وجہ سے کلب انتظامیہ کو کھانا پکانا دشوار ہو گیا ۔ رہائشی علاقے جن میں گلبرگ، ماڈل ٹائون، گرین ٹائون، ٹائون شپ، ہر نس پورہ، مغلپورہ، دھرم پورہ، جی ٹی اور ملتان روڈ سے ملحق علاقے شامل ہیں وہاں تمام دن گیس بند رہتی ہے۔ سوئی ناردرن کے ترجمان کا کہنا کہ لاہور کے تمام علاقوں میں معمول کے مطابق گیس سپلائی جاری ہے۔پروپیگنڈہ مہم چلائی جا رہی ہے۔