تحریک کی ٹرین چھوٹ گئی، اپوزیشن ویڈیو، ویڈیو کھیل رہی ہے، شیخ رشید

25 نومبر ، 2021

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ پی ڈی ایم میڈیا میڈیا اور وڈیو وڈیو کھیل رہی ہے،پی ڈی ایم کے تلوں میں تیل نہیں ہے ، اپوزیشن سے ٹرین چھوٹ چکی ہے،عمران خان بیرون ملک مقیم پاکستانیوں میں مقبول ہیں، ابھینندن کو ایسا ہی ایوارڈ ملا ہے جیسا اپوزیشن کو ملا ہے ، ملک کا دفاع ناقابل تسخیر ہے ، ہر آدمی پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہے۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ نے بدھ کو نادرا ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں "پاکستان آن لائن ویزا سسٹم" کو جدید تقاضوں کے مطابق استوارکرنے کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔قبل ازیں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے "پاکستان آن لائن ویزا سسٹم" کو جدید تقاضوں کے مطابق استوارکرنے کا افتتاح کیا۔ شیخ رشید احمد نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت اور عمران خان اللہ کے حکم سے پانچ سال پورے کریں گے ،پی ڈی ایم کا پشاور میں پہلی مرتبہ جلسہ دیکھا ،میں اگر اکیلا پشاور میں جا کر جلسہ کروں تو پی ڈی ایم پشاور سے بڑا جلسہ کروں گا۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کے تلوں میں تیل نہیں ہے۔