سکیورٹی اہلکاروں نے مریم نوازکو احاطہ عدالت میں میڈیا سے بات کرنے سے روک دیا

25 نومبر ، 2021

اسلام آباد(این این آئی)سکیورٹی اہلکاروں نے مسلم لیگ (ن )کی نائب صدر مریم نواز کو احاطہ عدالت میں میڈیا سے بات کرنے سے روک دیا۔بدھ کو مریم نواز اپنے کیس کے سلسلے میں احتساب عدالت اسلام آباد میں پیش ہوئیں اور اس موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ایک بار پھر نیب کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نیب کے پاس نا کیس ہے اور نا ہی کوئی ثبوت نہیں ہے، نیب تو صرف آلہ کار ہے، اصل مجرم تو حکومت ہے۔ انہوںنے کہاکہ نیب سے جب ثبوت مانگے جاتے ہیں تو اس کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، نیب کے پاس جواب نہیں ہوتا تو حکومت کو آنا پڑتا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ کیسز حکومت میں بیٹھے لوگوں کی طرف سے بنائے گئے ہیں، نیب جواب کہاں سے دے، یہاں فارن فنڈنگ کیس نہیں چل رہا جس میں التوا مانگا جائے، میرے کیس میں التوا نیب مانگ رہا ہے میں نہیں، نیب نے کیس کی تیاری کے لیے التوا مانگا ہے۔بعد ازاں احاطہ عدالت میں موجود سکیورٹی اہلکاروں نے مریم نواز کو میڈیا سے گفتگو سے روک دیا اور کہا کہ یہ کورٹ ہے، یہاں میڈیا ٹاک نا کریں۔