مریم نواز کو ان ٹیپوں پر اتنا ہی اعتماد ہے تو عدالتوں میں پیش کریں، فرخ حبیب

25 نومبر ، 2021

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کہاہے کہ مریم صفدر نے اپنی رام لیلی کی کہانی سنائی،مریم صفدر کو چیلنج ہے کہ ان ٹیپوں اور ویڈیو پر اتنا ہی اعتبار ہے تو شواہد کے طور پر عدالت میں پیش کریں، پہلی بار ایسا مجرم دیکھا ہے جسے ٹرائل کورٹ سے سزا ہوئی ہو اور اس کیخلاف اپیل لے کر جائے اور پھر التوائیں لینی شروع کر دے، پانامہ کیس میں 400لوگوں میں سے نواز شریف کے علاوہ کون سا وزیراعظم تھا جس کیخلاف کارروائی نہیں ہوئی، جب پانامہ کیس سامنے آیا،نواز شریف نے قوم سے خطاب اور پھر پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے ذرائع سے متعلق جھوٹ بولا، سپریم کورٹ میں کیس چلا تو ریکارڈ کی بجائے قطری خط پیش کر دیا گیا۔وزیراعظم ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہاکہ آج تک فلیٹس کی رسیدیں نہیں آئیں،آپکے بھائی نے کہا تھا کہ چار فلیٹس ہمارے اور بینیفشل اونر مریم صفدر ہیں،جس نےمشرف کے پاؤں پکڑ کر این آر او لیکر کیسز بند کرائے ہوں، وہ کیسے خودمختار عدلیہ کو تسلیم کریں گے، ،دریں اثنا ایک ٹویٹ میں فرخ حبیب نے کہا کہ مریم صفدر نے تسلیم کرلیا کہ پاکستانی میڈیا کو کنٹرول کرنے کیلئے اشتہارات بند کرنے والی آڈیو انکی ہے۔مریم صفدر کس حیثیت میں عوام کے ٹیکس سے دئیے جانے والے اشتہارات کو اپنے ذاتی مفاد اور چوری کے تحفظ کیلئے استعمال کررہی تھی۔ فرخ حبیب نے کہاکہ میڈیا کی آزادی پر انکی منافقت کھل کر سامنے آگئی۔