پیپلزپارٹی کی حکومت عوام کو تکلیف سے نجات دلائیگی،بلاول بھٹو

25 نومبر ، 2021

کراچی،لاہور ( نمائندہ جنگ،سپیشل رپورٹر ) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم عوام سے یہ وعدہ نہیں کرسکتے کہ معیشت بہتر ہوگی مگر یہ وعدہ ضرور کرتے ہیں کہ جب آپ تکلیف میں ہونگے آپکو اس تکلیف سے نکالیں گے اور ہم نے یہ کام کرکے دکھایا بھی ہے، غربت مٹاؤ پروگرام سے سندھ میں مثبت فرق نظر آرہا ہے، 18-2013 کے درمیان سندھ میں نوزائیدہ اموات کی شرح میں 30 فیصد سے زائد کمی آئی ہے، نوزائیدہ بچوں کی شرح اموات میں 19 فیصد اور پانچ سال سے کم عمر بچوں کی شرح اموات میں 17 فیصد تک کمی آئی ہے، یہ صوبائی حکومت کی عملی اور نتیجہ پر مبنی صحت کی دیکھ بھال کی پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے اس لیے ہم حاملہ ماؤں کو انکے گھروں کے نزدیک صحت کی سہولیات رجسٹر کرنے کیلئے مدر اینڈ چائلڈ سپورٹ پروگرام شروع کرنے کیلئے ایک اور قدم اٹھا رہے ہیں اور انہیں ہر شیڈول وزٹ بشمول اسپتال یا میٹرنٹی ہوم میں ڈلیوری کیلئے نقد رقم فراہم کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں سی ایم سیکریریٹ کی جانب سے شروع کئے گئے ’’سوشل پروٹیکشن اسٹریٹیجی یونٹ‘‘ کے تحت منعقدہ ’مدر اینڈ چائلڈ سپورٹ پروگرام‘ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ پروگرام میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی اور مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید بی بی کے دور میں بھی انقلابی منصوبہ شروع کیا گیا جوکہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کا منصوبہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک کامیاب منصوبہ تھا۔ سندھ سے غربت مٹاؤ پروگرام سے مثبت فرق نظر آرہا ہے۔ غربت مٹائو پروگرام سے30 ملین خاندانوں کو فائدہ مل رہاہے۔ سندھ حکومت کےغربت مٹائو پروگرام سے بلاسود قرضے دیئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ہم حکومت میں ہوتے ہیں۔