آئندہ 7 سال میں گیس بحران کی شدت 4 گنا بڑھنے کا خدشہ

25 نومبر ، 2021

لاہور(اپنے نامہ نگار سے)پیٹرولیم ڈویژن نے آئندہ 7 سال کے دوران گیس بحران کی شدت 4 گنا بڑھنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ شارٹ فال ایک ارب 80 کروڑ کیوبک فٹ ہے، ملک کے جنوبی علاقوں میں موجود نئے گیس ذخائر ہنگامی بنیادوں پر تلاش کرنا ہوں گے۔سامنے آنے والے دستاویز کے مطابق ملکی ذخائر تیزی سے کم ہو رہے ہیں، ایک ارب 80 کروڑ کیوبک فٹ کا موجودہ شارٹ فال آئندہ 7 سال میں 4 گنا بڑھ کر 5 ارب کیوبک فٹ سے بھی تجاوز کرنے کا خدشہ ظاہر کردیا گیا۔2028 تک ملک میں گیس کی اوسط طلب 6 ارب 72 کروڑ کیوبک فٹ اور پیداوار صرف ایک ارب 67 کروڑ کیوبک فٹ ہوگی۔ بحران سے نمٹنے کیلئے پیٹرولیم ڈویژن کا ملک کے جنوبی علاقوں میں 105 ٹریلین کیوبک فٹ گیس کے ذخائر کی ہنگامی بنیادوں پر تلاش پر زور دیا گیا ہے۔