پیغمبر اسلام کے بارے میں گستاخانہ ویڈیو کیخلاف آج مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال ہوگی

01 دسمبر ، 2023

سرینگر(اے پی پی)سرینگرمیں زیر تعلیم ایک بھارتی طالب علم کی طرف سے پیغمبر اسلام ؐکے بارے میں گستاخانہ ویڈیو پوسٹ کرنے کے خلاف آج مقبوضہ کشمیر بھر میں مکمل احتجاج اور ہڑتال کی جائے گی ،ہڑتال کا مقصد غیر قانونی گرفتاریوں، کشمیری طلباکے خلاف کالے قانون کے تحت مقدمے کےا ندراج، کشمیری سرکاری ملازمین کی برطرفی اور لوگوں کی جائیدادوں کی ضبطی کے خلاف احتجاج کرنا بھی ہے۔ہڑتال کی اپیل حریت کانفرنس نے کی ہے جبکہ متحدہ جہا د کونسل نے ہڑتال کی حمایت کی ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی نظر بند سینئر رہنما اور جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ نے ایک غیر کشمیری طالبعلم کی طرف سے حضرت محمدؐکی شان اقدس میں گستاخی کو مسلمانوں کیلئے ناقابل قبول قراردیتے ہوئے کشمیری عوام پر آج بروز جمعہ کو مکمل ہڑتال کرنے پر زوردیا ہے ۔ نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ کشمیری مسلمان کسی کو بھی اپنے مذہب کا مذاق اڑانے کی اجازت نہیں دیں گے،گستاخانہ پوسٹ کامقصد کشمیری مسلمانوں کو مشتعل کرنا ہے،اسلامی تنظیم آزادی مقبوضہ کشمیر کے ترجمان نے کہا ہے کہ اس طرح کے گستاخانہ بیانات اور واقعات کو وادی کے مسلمان ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔