بنوں میں CTDکی کارروائی ، حافظ گل بہادر گروپ کا ایک دہشتگرد ہلاک ، دوسرا گرفتار

01 دسمبر ، 2023

بنوں(صباح نیوز) بنوں میں محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی)نے کارروائی کے دوران حافظ گل بہادر گروپ کا ایک دہشتگرد ہلاک اور ایک کوگرفتار کرلیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق بنوں کے علاقے ڈومیل میں سی ٹی ڈی کی جانب سے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کی گئی جس میں حافظ گل بہادر گروپ کا ایک دہشتگرد ہلاک او ر ایک کوگرفتار کرلیا گیا ۔ دہشتگرد گزشتہ روز پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر حملے میں ملوث تھے جبکہ چنددن قبل تھانہ خرم کرک اور پولیس چوکی پرحملے میں بھی ملوث تھے۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور موبائل فون برآمد کیے گئے۔ واضح رہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گرد سیکورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث ہیں اور ان کیخلاف ملک گیر آپریشن جاری ہے۔