برطانیہ نے45کی قسم کا دوسرا تباہ کن جہاز ڈائمنڈ خلیج میں بھیج دیا

01 دسمبر ، 2023

لندن (پی اے) برطانیہ نے45تباہ کن بحری جہاز کی قسم کادوسرا بحری جہاز ڈائمنڈ خلیج میں بھیج دیا ہے۔ برطانوی وزیر دفاع گرانٹ شیپس نے کہا ہے کہ یہ جہاز خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کی صورت حال میں برطانیہ اور اس کے اتحادیوں کے مفادات کا تحفظ کرے گا اور اس خطے میں آزادانہ تجارت کو یقینی بنانے کیلئے مال بردار جہازوں کی بحفاظت آمدورفت کو یقینی بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کا یہ تباہ کن جہاز اس خطرناک اور مشکل وقت میں خطے میں برطانیہ کی دفاعی طاقت میں اضافے کا سبب ثابت ہوگا۔ خاص طور پر اس سے ایران اور اس کے حواریوں کو ایک واضح پیغام جائے گا۔ اسرائیل کی جنگ کی وجہ سے لبنان میں حزب اللہ اور یمن کے حوثی بھی فعال ہوگئے ہیں تاہم ابھی ان کی یہ سرگرمیاں اتنی نہیں ہیں جس سے خوف کھایا جائے۔ برطانوی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ کم و بیش 50 بڑے تجارتی جہاز روزانہ باب المندب اور اس سے دگنی تعداد میں جہاز آبنائے ہرمز سے گزرتے ہیں۔ وزیردفاع نے یہ بھی اعلان کیا کہ ایک بڑا بحری جہاز زیرسمندر کیبلز کے تحفظ کیلئے تعینات کیا جائےگا۔ 7 بحری جہازوں کی ٹاسک فورس مہینے کے اوائل سے انگلش چینل سے بحیرہ بلقان تک کا گشت کریں گے۔ برطانوی بحریہ کے جہاز برطانیہ کی زیرقیادت مشترکہ فورس کے ساتھ کام کرے گی۔ ان اتحادی ممالک میں ڈنمارک، ایسٹونیا، فن لینڈ، آئس لینڈ، لٹویا، لیتھوونیا، نیدرلینڈ ، ناروے اور سوئیڈن شامل ہیں۔ اگرچہ ماضی میں یہ ممالک مشترکہ فوجی مشقوں میں حصہ لیتے رہے ہیں لیکن ان کے مشترکہ آپریشن کا یہ پہلا موقع ہوگا۔ وزیر دفاع گرانٹ شیپس نے شمالی یورپ میں اتحادیوں کی مشترکہ کارروائی کو تاریخی موقع قرار دیا ہے تاہم انہوں نے اس خطے یا علاقے میں کسی مخصوص خطرے کی نشاندہی نہیں کی۔