رشی سوناک کے گھر کے باہر جسٹ سٹاپ آئل کا مظاہرہ، 16 گرفتار

01 دسمبر ، 2023

لندن (پی اے) وزیراعظم رشی سوناک کے ویسٹ لندن میں واقع گھر کے باہر کلائیمیٹ چینج کمپیننگ گروپ جسٹ سٹاپ آئل کے ایکٹیوسٹس نے بدھ کی شب مظاہرہ کیا، جہاں سے16مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا۔ جسٹ سٹاپ آئل کا کہنا ہے کہ اس کے تقریباً 18 افراد کنسنگٹن پراپرٹی پر جمع ہوئے تھے، جن کے ہاتھوں میں پلے کارڈز تھے۔ وہ برتنوں کو بجا کر نعرے بازی کر رہے تھے۔ یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آیا اس وقت وزیراعظم یا ان کی فیملی گھر کے اندر موجود تھی۔ 10 ڈائوننگ سٹریٹ نے اس واقعہ پر کمنٹس کرنے سے گریز کیا۔ میٹروپولیٹن پولیس نے کہا کہ گرفتار شدگان کو لندن کے متعدد پولیس سٹیشنز میں لے جایا گیا اور وہ تمام کسٹڈی میں ہیں۔ جسٹ سٹاپ آئل کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ احتجاج وسیع بیداری کیلئے ایک خلل ہے۔ جسٹ سٹاپ آئل کے مظاہرین نے جو پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، ان میں سے کچھ پر لکھا تھا کہ بدکاروں کیلئے کوئی آرام نہیں۔ کلائیمیٹ چینج کمپیننگ گروپ نے وزیراعظم کی جانب سے جولائی میں نارتھ سی میں آئل اینڈ گیس کیلئے 100 نئے لائسنس دینے کے فیصلے کی مخالفت کو اجاگر کیا ہے۔ گرین پیس سپورٹرز کے نارتھ شائر حلقے میں وزیراعظم رشی سوناک کی پراپرٹی کی چھت پر چڑھنے کے واقعے کے تین ماہ بعد یہ احتجاج ہوا ہے۔ کرمنل ڈیمیج اور سیڑھیوں اور رسیوں کا استعمال کرتے ہوئے گھر پر چڑھ کر عوامی نقص امن کے شبہ میں چار افراد کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ پانچویں ایکٹیوسٹ کو عوامی پریشانی پیدا کرنے کے شبہ میں پکڑا گیا تھا۔ اس نے تازہ ترین احتجاج سی او پی 28 کلائیمیٹ پربراہ اجلاس کے موقع پر کیا، جو دبئی میں منعقد ہو رہا ہے۔ توقع ہے کہ مسٹر رشی سوناک کانفرنس میں شرکت کیلئے متحدہ عرب امارات جائیں گے، جس میں کنگ چارلس III اور دنیا بھر کے لیڈرز شریک ہوں گے۔