ہر بچےکیلئے ایڈز کے بوجھ سے آزاد معاشرے کی تشکیل مقصد، انوار کاکڑ

01 دسمبر ، 2023

اسلام آباد (این این آئی)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ایڈز کے عالمی دن کے موقع پر ملک میں ایڈز کے خلاف ردعمل کو مزید مستحکم بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا مقصد ایک ایسے معاشرے کی تشکیل ہے جہاں ہر بچہ ایچ آئی وی کے بوجھ سے آزاد پیدا ہو، ایچ آئی وی کے سنگین سماجی و اقتصادی اثرات ہیں۔ ایڈز کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں نگران وزیراعظم نے کہا کہ ایڈز کا اس سال عالمی دن کا موضوع ʼʼکمیونٹیز کو آگے بڑھنے دیںʼʼ ہے، میں اس دن ایچ آئی وی کے ردعمل کو مزید مضبوط کرنے کیلئے حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ایچ آئی وی نہ صرف صحت کا مسئلہ ہے بلکہ اس کے سنگین سماجی و اقتصادی اثرات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایچ آئی وی کی موجودہ وبا پر غور کرتے ہیں تو ہمیں ایچ آئی وی کی جانچ اور علاج کی سہولت میں وسیع خلائ نظر آتا ہے جو کہ افسوسناک ہے۔ حکومت اس حوالے سے ذمہ داریوں کی ضرورت سے بخوبی آگاہ ہے اور ایچ آئی وی کی روک تھام کے سیاسی اور مالی دونوں پہلوئوں کو ترجیح دینے کیلئے پرعزم ہے۔