خواتین کو معاشی طور پرمستحکم بنانے کیلئے اقدامات ضروری ہیں، صدرعلوی

01 دسمبر ، 2023

اسلام آباد(اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خواتین کی ترقی، حقوق اور ان کی مالی شمولیت کے لئے بھرپور اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کے لئے بھرپور اقدامات کی ضرورت ہے۔ خواتین کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لئے انہیں کاروبار میں یکساں مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سفارتکاروں، چیمبرز کے عہدیداران سمیت تاجروں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے تاجروں پر زور دیا ہ کہ وہ قانون کی پاسداری اور اخلاقیات کا خاص خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو ترقی دے کر ملکی معیشت کو بہتر بنایا جاسکتا ہے، ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کی بہتری کے لئے خواتین کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ملکی معیشت کو آگے لے جانے میں خواتین کا نمایاں کردار ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو معاشی طور پر مضبوط بنانے سے پاکستان اقتصادی ترقی کی منازل طے کرے گا۔ تقریب سے اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے صدر سجاد سروراور دیگر عہدیداران نے بھی خطاب کیا۔قبل ازیں صدر مملکت نے تجارت کے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی مختلف کاروباری شخصیات میں شیلڈز تقسیم کیں۔