معاشی صورتحال ٹھیک نہیں ، سرمایہ کاری کیلئے کوشش جاری،غلام علی

01 دسمبر ، 2023

پشاور(این این آئی)گورنرخیبرپختونخواغلام علی نے کہا ہے کہ اس وقت ملکی معاشی صورتحال ٹھیک نہیں ہے، سرمایہ کاری کیلئے کوشش جاری ہے، ماضی کی باتیں چھوڑ کر ہمیں آگے کا سوچنا ہوگا، میرا کسی سیاسی جماعت سے ذاتی مسئلہ نہیں،سب کیلئے گورنرہائوس کے دروازے کھلے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قصہ خوانی بازارپشاورکے محلہ خدادادکے سرکاری سکول کے دورے میں کیا، اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرکاکہناتھاکہ یہ میرا محلہ اور میرا آبائی سکول ہے،یہی سے پانچویں تک پڑھا۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ایمل ولی سیاسی پارٹی کا لیڈر ہے، وہ کچھ بھی کہے گا،میرا کسی سیاسی جماعت سے ذاتی مسئلہ نہیں،سب کیلئے گورنرہائوس کے دروازے کھلے ہیں،ہر جگہ بلاتفریق جاتاہوں ،70 سالوں میں مثال نہیں ملتی، میں تو سب کے لئے حاضر ہوں، گورنرغلام علی کاکہناتھاکہ تعلیم بچوں کا حق ہے، بغیر سیاسی سوچ وفکر کے سب کیلئے کام کررہا ہوں،وفاق سے واجبات کی ادائیگی کیلئے بھی کوشش کررہا ہوں۔