نامراد تبدیلی پاکستان وKPKکو ڈیفالٹ کے کنارے چھوڑ گئی، مریم نواز

01 دسمبر ، 2023

لاہور( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ 190ملین پائونڈ لوٹنے والوں نے خیبرپختونخوا ہ اور پاکستان کے وسائل ہڑپ کرلئے، دس سال میں بی آرٹی اور بلین ٹریزسونامی کے نام پر خیبرپختونخوا ہ میں بدترین کرپشن اور لوٹ ماری جاری رہی،دس سال میں ساڑھے تین سو ڈیم تو نہ بن سکے،قوم کو قدم قدم پر ڈیم فول بنایاگیا، نامراد تبدیلی پاکستان اور خیبرپختونخوا کو ڈیفالٹ کے کنارے چھوڑ گئی۔ ہم محرومیاں دور کرینگے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبرپختونخواہ کے یوتھ کوارڈی نیٹرز سے ملاقات میں کیا ۔ مریم نواز نے کہا کہ دس سال میں خیبرپختونخوا ہ کو کنگال صوبہ بنادیاگیا ، دس سال میں ساڑھے تین سو ڈیم تو نہ بن سکے، قوم کو قدم قدم پر ڈیم فول بنایاگیا، دس سال میں ایک ہسپتال، ایک کالج، ایک یونیورسٹی نہ بن سکی، دس سال میں یہ تبدیلی آئی کہ خیبرپختونخوا ہ صوبے کے پاس تنخواہیں اور پنشن دینے کے پیسے نہ رہے، پاکستان کی طرح خیبرپختونخواہ پر تاریخ کا سب سے زیادہ قرض لاد کر بھاگ گئے۔خیبرپختونخواہ کی دس سال کی محرومیاں دور کریں گے۔