امریکا کیساتھ اپنی خود مختاری پرکبھی مذاکرات نہیں کرینگے، شمالی کوریا

01 دسمبر ، 2023

پیانگ یانگ (اے پی پی) شمالی کوریا نے امریکا کے دوہرےمعیار پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی خود مختاری پر امریکا کے ساتھ کبھی مذاکرات نہیں کرے گا۔ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی بہن کم یو جونگ نے کہا ہے کہ امریکا نے شمالی کوریا کے حالیہ جاسوس سیٹلائٹ لانچ پر رواں ہفتے منعقدہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں انتہائی دوہرے معیار کا مظاہرہ کیا ، امریکا ایک طرف تو کوریا میں امریکی نیوکلیئر بحیری جہاز اور نیوکلیئر آبدوز تعینات کر کے اشتعال انگیز فوجی سرگرمیاں کرتا ہے اور دوسری طرف دوبارہ بات چیت شروع کرنے کی کوششیں کرتا ہے ،ہم امریکا کو پھر واضح کرتے ہیں کہ شمالی کوریا کبھی بھی اپنی خودمختاری پر امریکا کے ساتھ باالمشافہ بات چیت نہیں کرے گا۔