فلسطین ، مقبوضہ کشمیر میں جارحیت پر عالمی برادری کی خاموشی قابل مذمت ہے ، ڈاکٹر مشتاق

01 دسمبر ، 2023

مظفرآباد(آئی این پی)امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر وگلگت بلتستان ڈاکٹر مشتاق خان نے کہا ہے کہ فلسطین میں جاری اسرائیلی اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت پر عالمی برادری کی خاموشی قابل مذمت ہے فلسطین اور کشمیر میں جاری ظلم وبربریت اور مظلوموں سے اظہار ہمدردی کیلئے جماعت اسلامی مظفرآباد میں کل 2 دسمبر کو فلسطین کشمیر مارچ کرے گی ، مسلم ممالک اور او آئی سی بھی کوئی موثر اقدامات نہیں کر سکے ،امت مسلمہ کو مسئلہ کشمیر او رفلسطین پر متحد ہونا ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کشمیر کوآرڈ ینیشن کے زیر اہتمام مقبوضہ کشمیر کے حوالہ سے اقدامات اٹھائے جاتے رہے ہیں جس کو از سر نو فعال کرنے کی ضرورت ہے اس حوالہ سے مشاورت کا عمل جاری ہے تمام سیاسی قائدین مفادات سے بالا تر ہو کر کشمیر پالیسی کے حوالہ سے مل بیٹھیں ۔انہوں نے کہا کہ حماس کے جانباز سپاہیوں نے اسرائیل کو اس حد تک مجبور کر دیا کہ وہ قیدیوں کے تبادلے پر آگیا جو بڑی کامیابی ہے ۔ اس موقع پر شیخ عقیل الرحمان، آفتاب احمد، راجہ ذاکر اور منظور احمد بھی موجود تھے۔