عوام کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے، عاصم شریف بٹ

01 دسمبر ، 2023

مظفرآباد( جنگ نیوز) آزاد کشمیر کے وزیر سپورٹس ، یوتھ اینڈ کلچر عاصم شریف بٹ نے کہا ہے کہ وزیراعظم چوہدری انوارالحق کی قیادت میں عوام کو تعلیم،صحت،روزگار ،انفراسٹریکچر کی فراہمی ہمارے فرائض اور ترجیحات میں شامل ہے ،رشوت، سفارش، کمیشن خوری،میرٹ کی پامالی،برادری ازم کا خاتمہ ہمارا مشن ہے، مودی کے جنگی جنون کو روکا نہ گیا تو جنوبی ایشیاء کا امن خطرہ میں پڑ جائے گا، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو کشمیریوں پر جاری بھارتی ظلم مظالم کا نوٹس لینا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز اپنے آفس چیمبر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کے کشمیریوں کے خلاف مظالم تمام حدود کو پار کر چکے ہیں جن کو روکنے کے لیے عالمی برادری کو موثر کردار ادا کرنا ہوگا، کشمیری اپنی آزادی اور حق خود ارادیت پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔