عوام کے مستقبل کیلئے انقلابی اقدامات اٹھاتے رہیں گے، وزیر صحت

01 دسمبر ، 2023

مظفرآباد(این این آئی)وزیرصحت آزاد کشمیر نثار انصرابدالی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم چوہدری انوار الحق نے 48 اراکین اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کیا۔ موجودہ حکومت کسی حادثے کی پیداوار نہیں بلکہ سیاسی و نظریاتی اختلاف رکھنے والی سیاسی جماعتوں کے اتحاد سے قائم ہے۔ تینوں اتحادی جماعتوں کے اراکین اسمبلی اور ان کی حقیقی قیادت چٹان کی طرح وزیر اعظم چوہدری انوارالحق کے ساتھ کھڑے ہیں۔ آزادجموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی اپنی مدت پوری کرے گی۔ وزیر صحت نثار انصر ابدالی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ماضی میں کسی بھی جماعت نے قبل ازوقت اسمبلی کی تحلیل کا مطالبہ نہیں کیا۔ وزیر صحت نے کہا کہ موجودہ سیاسی حکومت عوام کے بہترین مستقبل کے لیے انقلابی اقدامات اٹھاتی رہے گی۔