پاکستان کی سالمیت اور بقاء پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا،سردارعتیق

01 دسمبر ، 2023

مظفرآباد (نمائندہ جنگ) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ مضبوط اور منظم مسلم کانفرنس ہی سیاسی استحکام کی ضمانت دے سکتی ہے۔مسلم کانفرنس کے کارکنان ان حالات میں نظریاتی سیاست کا دامن تھامے رکھیں،کوئی انتظامی حربہ سیاسی اقدامات کا متبادل نہیں ہوسکتا،مسلم کانفرنس کو کمزو ر کرنے کا ایک مقصد نظریاتی انتشار اور سیاسی خلاء پیدا کرنا تھا جس میں ماہرین کو بڑی کامیابی ہوئی ہےن خیالات کااظہارانہوں نے مسلم کانفرنسی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس کے کارکنان نظریاتی اور فکری نظر بندی کا چیلنج قبول کرنے کی تیاری کریں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ خطرناک حالات کے باوجود کچھ عناصر ماضی کی طرح آج بھی نظریہ الحاق پاکستان اور مسلم کانفرنس کی بحالی کے راستے میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں دشمن پوری قوت سے ہماری نظریاتی بنیادوں پر حملہ آور ہے جبکہ ہم اصلاح احوال کے لیے کچھوے کی رفتار سے چل رہے ہیں پاکستان کی سالمیت اور بقاء پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔پاکستان جموں وکشمیر کے عوام کی منزل مقصود اورمحفوظ ترین پناگاہ ہے۔نظریہ الحاق پاکستان ہی سیاسی استحکام کا واحد ذریعہ ہے۔