مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی عروج پر ، بھارت بربریت میں اضافہ کر رہاہے ، بیرسٹرسلطان

01 دسمبر ، 2023

اسلام آباد(جنگ نیوز)صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے بیرون ملک آباد کشمیری بالخصوص امریکہ میں مقیم کشمیریوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر ا ُجاگر اورزندہ رکھا ہے اور میں امریکہ میں مقیم کشمیریوں کو مسئلہ کشمیر کے لئے کی جانے والی کاوشوں پر مقبوضہ کشمیر کے غیور عوام کی طرف سے سلام پیش کرتا ہوں کہ امریکہ میں مقیم کشمیریوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریشہ دوانیوں کو بے نقاب کیاہے۔ن خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آبادمیں چیئرپرسن فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل (امریکہ) غزالہ حبیب کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات میں کیا۔ وفد میں حریت رہنماء عبدالحمید لون،عبدالحفیظ خان اور طارق احمد بھی موجود تھے۔ صدر بیرسٹر سلطانے وفد کو مزید بتایا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آئے روز ظلم و بربریت میں اضافہ کر رہا ہے اور وہاں پر انسانی حقوق کی پامالی عروج پر ہے ایسے میں بیرون ملک آبادکشمیری بالخصوص امریکہ میں آباد کشمیریوں کے ساتھ مل کر ہمیں بھارت اور مودی سرکار کے ان گھناؤنے عزائم کو انٹرنیشنل کمیونٹی کے سامنے بے نقاب کرنا ہو گا۔ صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت نے 05اگست2019ء کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے پہاڑ توڑ رکھے ہیں اور انسانی حقوق کی پامالیوں میں اضافہ کر دیا ہے جس سے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام ایک انتہائی مشکل اور سنگین صورتحال سے گزر رہے ہیں لیکن بھارت یہ جان لے کہ وہ اپنے توپ و تفنگ سے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو زیر نہیں کر سکتا مقبوضہ کشمیر جلد بھارتی تسلط سے آزاد ہو گا۔ اس موقع پر غزالہ حبیب نے صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کی جانے والی سیاسی و سفارتی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا اور اس بات کا یقین دلایا کہ فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل (امریکہ) اور امریکہ میں مقیم کشمیری ہر فورم پرمسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے اور دنیا کے سامنے بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف ان مکروہ عزائم کا پردہ چاک کریں گے۔