چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف سائفر کیس کی سماعت آج اڈیالہ جیل میں ہوگی

02 دسمبر ، 2023

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزارت داخلہ نے سابق وزیراعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور سابق وزیر خارجہ کیخلاف سائفر کیس کے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن موصول ہونے کے بعد آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت نے سائفر کیس کی سماعت ملتوی کردی جو آج اڈیالہ جیل میں ہوگی۔ دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین کی عدالت میں جیل ٹرائل کے حکم نامے کیخلاف درخواست دائر کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کو عمران خان اور شاہ محمود قریشی کیخلاف سائفرکیس کی سماعت آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابولحسنات ذوالقرنین نے کی۔ شاہ محمود قریشی کے وکیل علی بخاری، چیئرمین پی ٹی ائی کی بہنیں جوڈیشل کمپلیکس پہنچیں۔ دوران سماعت چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے جیل ٹرائل کے فیصلے کیخلاف درخواست دائر کی گئی اور دلائل دیئے گئے۔ عدالت نے ریمارکس دیئےکہ وزارت قانون کے نوٹیفکیشن کا انتظار کریں، اگر نوٹیفکیشن نہ آیا تو میں ملزمان کے پروڈکشن آرڈرز جاری کردونگا۔ وقفے کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے کہا کہ وزارت قانون کا نوٹیفکیشن عدالت میں جمع ہو چکا ہے، کل سائفر کیس کی سماعت مقرر کی ہے، نوٹیفکیشن میں شاہ محمود قریشی کے حوالے سے بھی تحریر کیا گیا ہے۔ عدالتی عملے نے وزارت قانون کا نوٹیفکیشن وکلا کو پڑھ کر سنایا۔ وکیل علی بخاری نے مؤقف اپنایاکہ ہفتے کو جیل آنا مشکل ہے کیونکہ ہمارے ٹرائل کورٹس میں مقدمات ہوتے ہیں جبکہ اسپیشل پروسیکیوٹر نے کہا کہ میں تو آج ہی اڈیالا جیل میں سماعت مقرر کرنے کے حق میں ہوں۔ پی ٹی آئی وکلا کی جانب سے استدعا کی گئی کہ سماعت 5 دسمبر کو رکھ لی جائے جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ 5 دسمبر کو سماعت رکھ لیں گے لیکن حاضری کے حوالے سے تو سماعت رکھنی ہی ہے۔ عدالت نے سائفر کیس کی سماعت آج تک ملتوی کر دی اور قرار دیا کہ ملزمان کے پروڈکشن آرڈر سے متعلق درخواست پر بھی سماعت کل تک کیلئے ملتوی کی جاتی ہے۔ بعدازاں آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت نے سائفرکیس کی آج سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا۔ حکم نامے کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو آج عدالت پیش نہیں کیا گیا، گزشتہ سماعت پرسپرنٹنڈنٹ اڈیالا جیل نے سکیورٹی رپورٹ جمع کروائی، عدالت نے چیف کمشنرآفس اورسپرنٹنڈنٹ جیل کو جیل ٹرائل کے انتظامات کیلئے خط لکھا۔ عدالت نے کہا ہے کہ وزارتِ قانون، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے خط کا جواب عدالت میں جمع کروادیا، 28 نومبرکے آرڈرکی روشنی میں سائفرکیس کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں ہوگا اور اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈائریکشن دی ہے کہ سائفرکیس کا ٹرائل4 ہفتوں میں مکمل کرنا ہے۔ عدالت نے حکم دیاکہ چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود کی حاضری سے متعلق سماعت کل اڈیالہ جیل میں9 بجے ہوگی اور چیئرمین پی ٹی آئی کی عدالت پروڈکشن سے متعلق درخواست پر نوٹس جاری کیے جاتے ہیں۔دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین کی عدالت میں جیل ٹرائل کے حکم نامے کیخلاف درخواست دائر کردی گئی۔ درخواست میں کہا گیا کہ اس عدالت نے 23 نومبر 2023 کو حکم دیا کہ 28 نومبر کو ملزمان کو جوڈیشل کمپلیکس پیش کیا جائے، عدالت نے 28 نومبر کو جیل ٹرائل کا حکم دے دیا، 23 نومبر کے حکم نامے کی موجودگی میں 28 نومبر کا حکم نامہ غیر قانونی ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت 23 نومبر 2023 کے حکم نامے پر عملدرآمد کروائے۔