پاکستان کے مستقل مندوب سلجوق مستنصر تارڑکیمیائی ہتھیاروں کے کنونشن کی سالانہ کانفرنس کے چیئرمین منتخب

02 دسمبر ، 2023

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) پاکستان کو پہلی مرتبہ کیمیائی ہتھیاروں کے کنونشن کی کانفرنس آف سٹیٹس پارٹیز (سی ایس پی) کی چیئر کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کی تنظیم کے لیے پاکستان کے مستقل مندوب سفیر سلجوق مستنصر تارڑ کو کیمیائی ہتھیاروں کے کنونشن کی سالانہ کانفرنس کا چیئرمین منتخب کرلیا گیا ہے۔ سالانہ کانفرس دی ہیگ میں منعقد ہوئی جس نے کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کی عالمی تنظیم (او پی سی ڈبلیو) میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر سلجوق مستنصر تارڑ کو ریاستی فریقین کی کانفرس نے چیئر منتخب کرلیا۔ پاکستان کو پہلی مرتبہ کیمیائی ہتھیاروں کے کنونشن کی کانفرنس آف سٹیٹس پارٹیز کی چیئر کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ 193 ممبران پر مشتمل کانفرس نے ایک سال کے لئے چیئر کا انتخاب کرنا ہوتا ہے۔ یہ کنونشن بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہرقسم کے ہتھیاروں کی روک تھام کے لئے ایک جامع معاہدہ سمجھا جاتا ہے۔ پاکستان نے(سی ڈبلیو سی) کی1997 میں توثیق کی تھی۔