علیمہ خانم آڈیو لیک کے سوال پر صحافیوں پر برس پڑیں

02 دسمبر ، 2023

اسلام آباد (خبر نگار) چیئرمین پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خانم آڈیو لیک کے سوال پر صحافیوں پر برس پڑیں اور بولیں آپ لوگ اپنے گھر کی فکر کریں، کل کسی کی بھی آڈیو لیک ہو سکتی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران علیمہ خانم نے کہا کہ امریکہ میں پریذیڈنٹ نکسن کو نااہل کردیا تھا کہ کسی کی رازداری (پرائیویسی) میں آپ نہیں جاسکتے۔ ہماری شرم اور حیا ختم ہوتی جا رہی ہے۔ لوگوں کے گھروں میں گھس رہے ہیں۔ پہلے انہوں نے چار دیواری کا تقدس پامال کر کے عورتوں کی بے حرمتی کی، اب عورتوں کو گھسیٹ کر باہر لے آئیں گے اور ان کا تماشہ بنائیں گے۔ چیف جسٹس کی ساس کی آڈیو نکال لائے۔ اس طرح تو شرم و حیا ختم ہو جائے گی۔ کل آپ کی بیگم کی آڈیو بھی ہم سن رہے ہوں گے۔