تہران (اے ایف پی) ایرانی مندوبین نے اسرائیلی مندوبین کی موجودگی پر متحدہ عرب امارات میں ہونے والے اقوام متحدہ کے موسمیاتی مذاکرات سےاحتجاجاً واک آؤٹ کردیا ۔خبررساں ادارے ارنا کےمطابق،ایرانی وفد کی سربراہ وزیر توانائی علی اکبر محرابیان نے کہا کہ ایران نےکوپ28 میں اسرائیل کی موجودگی کو کانفرنس کے اہداف اور رہنما اصولوں کے منافی سمجھا اور احتجاجاً وہ کانفرنس سے نکل گیا۔یہ اقدام اسرائیل اور حماس کے درمیان سات روزہ جنگ بندی کی میعاد ختم ہونے اور غزہ پر اسرائیل کےحملے دوبارہ شروع ہونے کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا ہے۔قبل ازیں ارنا نے بتایا تھا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اقوام متحدہ کی کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے اور ان کے بجائےعلی اکبر محرابیان سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ارنانے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زید النہیان نے جون میں اپنے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان کے ساتھ بات چیت کے دوران صدر ابراہیم رئیسی کو کوپ 28 میں شرکت کی دعوت دی تھی،لیکن ایرانی صدر نے صیہونی حکام کو مدعو کرنے کی وجہ سے شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ۔اپنے متحدہ عرب امارات کے ہم منصب کے ساتھ فون کال میں حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ اس اجلاس میں اسرائیل کی موجودگی اس کے جنگی جرائم اور نسل کشی کی روشنی میں سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔