پاک فوج ملکی خود مختاری کے دفاع کیلئے پوری طرح تیار، قوم کی حمایت سے دشمنوں کو شکست دینگے، آرمی چیف

03 دسمبر ، 2023

راولپنڈی(جنگ نیوز)آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہےکہ پاک فوج کی پوری توجہ مادر وطن کی سرحدوں کے دفاع پرمرکوزہے اور مسلح افواج قوم کی حمایت سے پاکستان کے دشمنوں کو شکست دیں گی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے خیر پور کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر بہاولپور نے ان کا استقبال کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے خیرپور ٹامیوالی میں بہاولپور کورکی فیلڈ مشقوں کا مشاہدہ کیا، اس کے علاوہ انہوں نے آرمر، میکانائزڈ انفنٹری، آرٹلری، ائیر ڈیفنس اور اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل کا بھی مشاہدہ کیا۔ اس دوران آرمی چیف کو فیلڈ مشقوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی جب کہ آرمی چیف نے مشق میں حصہ لینے والے ٹروپس سے بات چیت کی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ مشقوں کا مقصد آپریشنل ماحول میں مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے مہارت کو بڑھانا ہے۔ اس موقع پر آرمی چیف نے ہدایت کی کہ ہرحال میں روایتی جوش اور جذبے کے ساتھ قوم کی خدمت کرتے رہیں۔ جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ہم چیلنجز سے بخوبی واقف ہیں، قوم کی حمایت سے ہم پاکستان کے دشمنوں کےکسی بھی مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے تیار ہیں، پاک فوج پاکستان کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے دفاع کیلئے پوری طرح تیار ہے، فوج کی پوری توجہ مادر وطن کی سرحدوں کے دفاع پرمرکوزہے، قوم کی حمایت سے مسلح افواج پاکستان کے دشمنوں کو شکست دیں گی۔