ویلز، انگلینڈ، سکاٹ لینڈ برفباری ،شدید سردی سے متاثر، نظام زندگی مفلوج

03 دسمبر ، 2023

مانچسٹر(ہارون مرزا)برفباری اور شدید سردی نے ویلز، انگلینڈ، سکاٹ لینڈکو اپنی لپیٹ میں لے لیا ،جس کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا۔ریل گاڑیوں، بسوں اور کاروں کی آمدورفت متاثر ہوگئی،گھروں پر ہیٹنگ سسٹم لازمی ہوگئی،کارن وال میں ایک درجن کے قریب تعلیمی ادارے بندرہے۔ انگلینڈ ، سکاٹ لینڈاور دیگر علاقوں میں شدید موسم کی وارننگ جاری کردی گئی،رات کو درجہ حرارت منفی 4 ڈگری تک گرنے کاامکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق موسم سرما کا آغاز ہوتے ہی برفباری اور شدید سردی نے ویلز اور انگلینڈ کے علاوہ سکاٹ لینڈ و دیگر علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ ذرائع آمدو رفت جن میں ریل گاڑیاں، بسیں اور کاریں وغیرہ شامل ہیں بھی متاثر ہو رہی ہیں، اکثریت اپنے کام کاج پر پہنچنے سے قاصر رہی ہے یا تاخیر سے پہنچتے ہیں گرم خوراک کے ساتھ گرم ملبوسات بھی روز مرہ کی زندگی کا حصہ بن گئے ۔ گھروں کو گرم رکھنے کیلئے ہیٹنگ سسٹم چوبیس گھنٹے چلانے پر لوگ مجبور ہیں ۔ محکمہ موسمیات نے انگلینڈ اور سکاٹ لینڈاور دیگر علاقوں میں شدید موسم کی وارننگ نافذ کر دی ہے برفباری کی وجہ سے درجہ حرارت منفی 10سینٹی گریڈ تک گرنیکی توقع ہے ۔رات کے اوقات میں برطانیہ بھر میں درجہ حرار ت منفی چار سے منفی آٹھ سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے جبکہ مشرقی سکاٹ لینڈ میں درجہ حرات منفی دس تک گرنے کی توقع ہے۔ موسمی شدت کی وجہ سے گلاسکو ائیر پورٹ پر رات بھر شدید برفباری کی وجہ سے تمام پروازوں کو گرائونڈ کر دیا گیاجبکہ کارن وال میں 30کے قریب تعلیمی ادارے بند یا تاخیر سے کھلے، گلاسگو میں ائیر پورٹ کلیئر کرنے کیلئے ٹیموں کی امدادی سرگرمیوں کی وجہ سے بعض پروازوں کو پریسٹک اور ایڈنبرا کی طرف موڑنا پڑا۔میٹ آفس نے خبردار کیا ہے کہ ڈرائیونگ کرنے والے افراد کے لیے موسمی حالات مشکلات پیدا کر سکتے ہیں، وہ احتیاطی تدابیر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ لندن فائر بریگیڈ کی طرف سے بھی اضافی احتیاطی تدابیر اپنانے کی تلقین کی گئی ہے۔ میٹ آفس کے مطابق شمالی آئرلینڈ اور مغربی سکاٹ لینڈ میں 2سے5سینٹی میٹر تک برف پڑنے کا امکان ہے۔ شمالی بحیرہ کے ساحل شدید سردی کی لپیٹ میں آئیں گے ۔ آج صبح تک ویلز ‘ مڈ لینڈ اور شمالی انگلینڈ کے بعض حصو ںمیں برفباری کا امکان ہے ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ برطانیہ، یورپ اور دیگر ممالک میں نیو ائیر اور کرسمس کی تیاریاں کئی کئی ماہ پہلے شروع کر دی جاتی ہیں۔ سکولز ، کالج اور یونیورسٹیوں میں چھٹیاں ہو جاتی ہیں،تاہم یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ برطانیہ میں رہنے والے تارکین وطن کی اکثریت اس شدید ترین موسم اور مہنگائی کا مقابلہ کرنے کی بجائے ٹکٹ لیکر اپنے وطن پہنچ جاتے ہیں جبکہ ان ممالک میں ہونے والی مذکورہ تقریبات اور برفباری سے لطف اندوز ہونے کے لیے دنیا بھر سے سیاح ان ممالک کا رخ کرتے ہیں ۔