کوئٹہ، NP اور ن لیگ رہنمائوں کا اجلاس، الیکشن لائحہ عمل پر مشاورت

03 دسمبر ، 2023

کوئٹہ (اے پی پی)کوئٹہ میں نیشنل پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماؤں کا عام انتخابات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں نیشنل پارٹی کے مرکزی سنئیر نائب صدر سابق سینیٹر میر کبیر احمد محمد شہی، سابق صوبائی صدر میر عبدالخالق بلوچ ،مسلم لیگ ن بلوچستان کے صدر جعفر خان مندوخیل، صوبائی جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ ،سابق اسپیکر راحیلہ حمید خان درانی اورنصیر خان اچکزئی نے شرکت کی۔اجلاس میں عام انتخابات میں مشترکہ لائحہ عمل اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے مناسبت سے گفت و شنید ہونے کے ساتھ بلوچستان کی مجموعی مفاد اور عوام کی فلاح و بہبود کو ممکن بنانے کے لیے مشاورت کی گئی۔دونوں سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے کہا کہ بلوچستان ہماری سرزمین ہے جس کا دفاع و حقوق اور مفاد اولین ترجیح ہے۔رہنمائوں نے کہا کہ بلوچستان اس وقت سیاست کا محور بن گیا ہے،سیاسی جماعتوں نے انتخابی مہم کا آغاز کردیالیکن انتخابی مہم کے علاؤہ سیاسی جماعتوں کو بلوچستان کے حوالے سے جامع و مربوط پالیسی بنانا ہوگی اور اس پر عمل درآمد بھی کرنا ہوگا۔ نیشنل پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنمائوں نے کہا کہ ماضی میں بھی بلوچستان کی خدمت کرکے صوبے میں بہترین گورننس کی مثال قائم کی اور بلوچستان کو مشکل حالات سے نکالنے میں کافی کامیابی حاصل کی۔دونوں جماعتوں کےرہنمائوں نے کہا کہ عام انتخابات کے حوالے سے مزید نشستیں کی جائیں گی اور مشاورتی عمل کو جاری رکھا جائے گا۔